لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے رواں مالی سال میں240 ارب روپے کے مجموعی ہدف کے ساتھ رئیل اسٹیٹ ،فیشن ڈیزائننگ، ہوٹلنگ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سمیت مختلف اہم شعبہ جات سے 80 ارب روپے سے زائد ریونیو وصولی کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران ان شعبوں سے 12.6 ارب روپے کی وصولی ہوئی تھی۔پی آر اے کے ترجمان کے مطابق چیئرپرسن جاوید بدر کی فعال قیادت میں اتھارٹی محصولات کو متنوع بنانے اور ان میں نمایاں اضافہ کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکس ادائیگی کی تعمیل کو یقینی بنانے اور صوبے میں کام کرنے والے مختلف شعبوں اور ممتاز کاروباری اداروں سے بقایا جات کی وصولی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریونیو کے ایک بڑے ذریعہ کے طور پر شناخت کیا گیا ہے جیسا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر یو ڈی اے) کے دائرہ اختیار میں وسیع رقبے پر محیط 1400 سے زائد سوسائٹیز کام کر رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کے شعبہ میں 23 -2022 میں 0.478 ارب روپے کی وصولی کے مقابلے میں مالی سال 24- 2023 کے لیے 48 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ پراپرٹی ڈویلپرز، پروموٹرز، کنسٹرکشن، رئیل اسٹیٹ مینجمنٹ، ایڈورٹائزمنٹ سروسز، ، کمیشن ایجنٹس، اراضی اور اس کی ترقی کے ٹھیکیداروں، پراپرٹی ڈیلرز، آرکیٹیکٹس، ٹا?ن پلانرز، لینڈ سکیپ ڈیزائنرز کی جانب سے فراہم کردہ خدمات سے حاصل ہونے والی آمدنی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔