فحش ڈانس کرنے والی دو ڈانسرز کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ

Aug 16, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی ہدایت پر سٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحش ڈانس کرنے اور عریانی پھیلانے والی اداکاراؤں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ الحمرا مال روڈ میں فحش مجرہ کرنے والی دو ڈانسرز کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے دونوں ڈانسرز کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔ اداکارہ شمع رانا اور کہکشاں عرف پائل چوہدری کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دونوں اداکاراؤں کے بیہودہ ڈانسز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈانسر شمع رانا نے "چاند کی چاندنی" نامی سٹیج ڈرامے میں فحاشی کی تمام حدیں پار کیں جبکہ کہکشاں عرف پائل چوہدری نے "نوکر وہٹی دا" نامی سٹیج ڈرامے میں فحش اشارے اور بیہودہ ڈانس کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی ہدایت پر دونوں ڈراموں، انکے پروڈیوسرز وحید قادر اور محمد منشا کے علاوہ دونوں ڈانسرز پر صوبہ بھر میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ آئندہ کے لیے فحاشی پھیلانے والی اداکاروں کے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آرز کے اندراج کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے صوبہ بھر میں سٹیج ڈراموں کی روزانہ مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل کے سربراہ ڈاکٹر بلال حیدر نے 12 مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر ڈراموں کے حوالے سے رپورٹس جمع کروائیں گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ فحاشی پھیلانے والی سٹیج ڈانسرز پر پانچ سے دس سال تک پابندی جبکہ سٹیج ڈرامے کے پروڈیوسرز پر تاحیات پابندی لگانے کی تجاویز زیر غور ہیں جو جلد منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔

مزیدخبریں