لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الیکشن کا التوا قابل قبول نہیں ہے اس کی بھر پور مزاحمت اورملک گیراحتجاج کیاجائیگا۔ نگران حکومت کا بنیادی مقصد اورترجیح انتخابی عمل بروقت اور شفاف بنانا ہے۔جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ عوام ہمارا ساتھ د یں تو ملک وقوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومتوں کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، نگران وزیر اعظم کو کابینہ کا حجم مختصر رکھتے ہوئے اپنی توجہ قومی و آئینی ذمہ داری ادا کرنے پر مرکوز کر نی چاہئے۔ اس وقت ملک قوم کو محب وطن قیادت کے فقدان کا سامنا ہے۔ ایماندار قیادت کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس طرح کی ضرورت کبھی ماضی میں اتنی شدت سے محسوس نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کی مایوس کن پالیسیوں کی بدولت پاکستان بری طرح مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔، سیاسی، معاشی، معاشرتی، سماجی بحران نے بدترین صورت اختیار کر لی ہے۔ ملک کے اوپر قرضوں کا بوجھ، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف بیان بازی اور پروپیگنڈہ دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے ملک کو سنبھالنے والوں کی اپنی ترجیحات ہی نہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ اور استحصالی نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں، پروٹوکو ل اور دیگر اللوں تللوں کیلیے سخت ترین شرائط پر قرضے حاصل کیے اور ہر پاکستانی کو ڈھائی لاکھ کا مقروض کر دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کو آزادی حاصل کئے 76برس ہو چکے، مگر بد قسمتی سے آج بھی مٹھی بھر اشرافیہ نے 24کروڑ عوام کویرغمال بنایا ہوا ہے۔