سرینگر(کے پی آئی)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے منگل کوبھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔ بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کا مقصد اپنی سرزمین پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں منگل کو مکمل ہڑتال رہی ۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی ۔ر تمام حریت رہنماوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ جگہ جگہ سیاہ پرچم لہرائے گئے ہیں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ۔ مارکسسٹ کے رہنما یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ مودی حکومت بے روزگاری، صحت عامہ، مہنگائی اور دیگر اہم مسائل کو حل کرنے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کو مٹانے میں زیادہ سنجیدہ ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوض کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت اپنی آزادی کا جشن منا رہا ہے جبکہ یہی مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
کشمیریوں نے بھارتی آزادی کے دن یوم سیاہ منایا، مکمل ہڑتال
Aug 16, 2023