محسن نقوی کا نشئی افراد کی بحالی کے سنٹر، ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ

Aug 16, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلی محسن نقوی نے  رائیونڈ میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کے سنٹر ’’روشن گھر‘‘ کا دورہ کیا اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے نشے کے عادی افراد سے ملاقات کی اور انہیں نشہ چھوڑنے کی تلقین کی۔ ان کی بحالی و علاج معالجہ کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے نئے سنٹرز بنانے کا حکم دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور سیکرٹری ہیلتھ کو نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے مزید سنٹرز بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 2 ہفتے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں مجموعی طورپر 400بیڈز کی گنجائش والے نئے سنٹرز مکمل کئے جائیں۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ’’روشن گھر‘‘ میں نشے کے عادی افراد کو معیاری کھانا اور باقاعدگی سے پھل بھی دیئے جائیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا اور نشے کے عادی افراد کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کی لعنت نے کئی گھر تباہ کر دیئے ہیں، کوشش ہے کہ نشے کے عادی افراد کو زندگی کی طرف واپس لایا جائے۔ نشہ آور اشیاء کا دھندہ روکنے کیلئے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ محسن نقوی نے گلوکار اسد عباس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا۔ شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پراگرس کے بارے میں پوچھا۔ بعض شہریوں نے درخواستیں تاخیر سے نمٹانے کے حوالے سے شکایات کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو طلب کر کے درخواستوں کو مقرر کردہ مدت میں نمٹانے کا حکم دیا اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو این او سی ہر صورت ان کی رہائش گاہ پر ڈلیور کیا جائے جبکہ دیگر شہریو ں کو بھی حتمی دستاویزات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے نظام کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل ٹیم انچارج کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی درخواستوں کو 14 روز کی بجائے 10 روز میں نمٹایا جائے۔ بعض شہریوں نے ایف بی آر کی تصدیق کی شرط کے لئے ایف بی آر کے آفس میں بار بار چکر لگوانے کے حوالے سے شکایات کیں، جس پر وزیراعلیٰ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل میں ایف بی آر کائونٹر کے قیام کے لئے وفاقی حکومت سے بات کروں گا تاکہ شہریوں کو بار بار چکر نہ لگانا پڑیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے کہا ہے کہ 76واں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم نے بے مثال اتحاد واتفاق کا شاندار مظاہرہ کرکے ثابت کیا کہ پاکستانی عظیم قوم ہے اور زندہ قومیں آزادی کا دن اسی قومی جذبے اور عزم کے ساتھ مناتی ہیں۔ عدلیہ، عسکری حکام، سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں نے یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کر کے اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا۔

مزیدخبریں