الیکشن فروری میں‘ نواز شریف انتخابی مہم کی قیادت کریںگے: رانا ثناء

Aug 16, 2023

اسلام آباد‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ فیصلہ ہو چکا کہ اگلی انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف خود کریں گے۔ نواز شریف پاکستان آ کر انتخابی مہم چلائیں گے۔ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں وزیراعظم بھی نواز شریف ہوں گے۔ نواز شریف کی واپسی پر فقید المثال استقبال کریں گے۔ کس تاریخ کو واپس آئیں گے، اعلان وہ خود یا پارٹی کرے گی۔ نواز شریف کو پورا یقین ہے الیکشن فروری میں ہوں گے۔ خواجہ آصف کا یہ کہنا ٹھیک ہے کہ ہمیں زیرو رسک پر کام کرنا چاہئے۔ میرے خیال میں اب زیرو رسک میں کوئی چیز باقی نہیں رہ گئی۔ زیرو رسک میں اب صرف نواز شریف کا عدالت میں پیش ہونا باقی ہے۔ یہ بالکل غلط ہے ہم چاہتے ہیں کہ بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان نہ ہو۔ انتخابات اب فروری 2024ء میں ہوں گے۔ الیکشن اب فروری میں ہوں گے تو نواز شریف کا ستمبر اکتوبر میں آنا مناسب ہے۔ نو مئی کے جتھے کے کسی رکن کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ ریاست پر حملہ کرنے والوں کو ایسی ریاست میں سیاست کرنے کا حق نہیں ہونا چاہئے۔ نگران سیٹ اپ کے ساتھ ملک آگے نہیں چل سکتا۔ مردم شماری کا معاملہ آنے کے بعد بھی الیکشن فروری میں ہو جائیں گے۔ نو مئی واقعات میں ملوث افراد کیخلاف ثبوت موجود ہیں۔ عام انتخابات اکتوبر میں ہوتے تو نواز شریف اب تک واپس آ چکے ہوتے۔ نواز شریف نے دو مرتبہ ملک کو بحران سے نکالا۔ اسٹیبلشمنٹ بھی الیکشن 90 دن میں چاہتی ہے۔ موجودہ حالات میں قوم نواز شریف کی ہی بات سنے گی۔ جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی تب بھی ہم نے 9 مئی جیسا واقعہ نہیں کیا۔ علاوہ ازیں خاندانی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف ستمبر کے وسط میں پاکستان پہنچیں گے۔ شریف فیملی کے ذرائع نے  نواز شریف کی وطن واپس آنے کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے وکلائ، سیاسی رفقاء نے نواز شریف کو دورہ مڈل ایسٹ اور یورپ کے فوراً بعد وطن واپسی کا مشورہ دیا تھا جبکہ ان کی جماعت کے چند رہنمائوں نے انہیں ستمبر کے وسط میں آنے پر اصرار کیا ہے۔ نواز شریف چار برس قبل پاکستان سے برطانیہ علاج کرانے آئے تھے۔ ان کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف کی واپسی کے لیے ان سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ شہباز شریف پارٹی قائد سے ملاقات کیلئے آئندہ ہفتہ لندن پہنچیں گے۔

مزیدخبریں