لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف سے پارٹی کے رہنما رانا مشہود علی خان نے ملاقات کی۔ رانا مشہود نے پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سمیت ملکی اور خارجی بحرانوں سے نکالنے پر سابق وزیراعظم کو مبارک دی اور کہا کہ آپ نے پاکستان اور عوام کی مخلصانہ خدمت کی روایت برقرار رکھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے اس بھاری ذمہ داری سے سرخرو فرمایا، 16 ماہ تاریخ کا مشکل ترین دور تھا، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور معاشی خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار فرمائے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی خود انحصاری کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے رانا مشہود کی ملک اور پارٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور ان کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔ سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خواجہ احمد حسان نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ سابق کوآرڈینیٹر نے وزارت عظمیٰ کے دورانیہ میں ملکی تاریخ کے تیز ترین منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شہباز شریف نے انتھک محنت سے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ اس موقع پر اسامہ پرویز بٹ اور خالد ہاشمی بھی موجود تھے۔
پاکستان کی معاشی خود انحصاری کیلئے مضبوط بنیاد رکھ دی: شہباز شریف
Aug 16, 2023