اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )نگران حکومت نے بھی عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔ پٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لٹراضافہ کر دیا گیا ہے۔پٹرول کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 293 روپے 40 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نگران حکومت کی کا یہ پہلا فیصلہ تھا جس میں پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا۔
پٹرول مہنگا
اسلام آباد(نا مہ نگار) عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد مارکیٹنگ کمپنیوں نے مزید 10روپے فی کلو قیمت میں اضافہ کر دیا۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ 92 ڈالر فی میٹرک ٹن اضافے کے بعد ایل پی جی 464 سے بڑھ کر 556 ڈالر فی میٹرک ٹن پر پہنچ گئی۔ قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 120روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 450 روپے اضافہ ہوگیا۔ عرفان کھوکھر نے بتایا کہ صرف دو دن میں فی کلو قیمت میں 20روپے بڑھ گئے، بڑھتی قیمت کے پیش نظر ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ اب فی کلو قیمت 210 سے بڑھ کر 220روپے فی کلو پہنچ گئی ۔چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ اب گھریلو سلنڈر 2495روپے کے بجائے 2615روپے اور کمرشل سلنڈر 9580روپے کے بجائے 10030روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 255روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 3015 اور کمرشل سلنڈر 11600روپے تک پہنچ گیا۔
ایل پی جی مہنگی