لاہور( کامر س رپورٹر)نگران وزیر ماحولیات پنجاب بلال افضل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سموگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کی ہدائت ہے اور وارننگ دی ہے کہ اگر امسال سموگ کا موثر تدارک نہ کیا گیا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ نیز سموگ کے ڈر سے سکول بند کرنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔ وہ جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں اپنی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں نگران وزیر صنعت ایس ایم تنویر، سیکریٹری ماحولیات ڈاکٹر ساجد محمودچوہان اور متعلقہ محکموں کے سربراہان و افسران بھی موجود تھے۔ صوبہ بھر کے کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبہ کے اندر سموگ کے بروقت تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر غور کیا گیا۔بلال افضل نے کہا کہ ہر سال اکتوبر تا فروری سموگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا محکمے ستمبر سے ہی سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور کوئی سیاسی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام محکمے نئے رولز اور قوانین پرموثرعملدرآمد یقینی بنائیں بالخصوص محکمہ ماحولیات، صنعت، بلدیات، ٹرا نسپور ٹ ا ور زراعت پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ بلال افضل نے ہدائت کی کہ محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات اور محکمہ بلدیات کوڑا جلانے پر عائد پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ بلال افضل کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سموگ کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
سموگ کے تدارک کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں:بلا ل افضل
Aug 16, 2023