امریکا نے پاکستان کو جدید اسلحے کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کر دی

Aug 16, 2023 | 12:05

 امریکا نے پاکستان کو جدید اسلحے کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کر دی، امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان کے مطابق امریکا سے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف پاکستانی فورسز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، امریکا نے پاکستان کو جدید اسلحہ اور کمیونیکیشن فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان کی جانب سے اے آر وائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں امریکا کا چھوڑا ہوا 7 ارب ڈالرز کا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے، افغانستان میں دہشتگرد گروہ صرف ہمارا نہیں آج پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں کل دیگر پڑوسی ممالک پر ہو سکتے ہیں۔ جدید اسلحہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے ہاتھ لگ چکا ہے، جدید اسلحے سے لیس دہشتگردوں کے مقابلے کیلئے پاکستان کو جدید ہتھیار چاہئیں جس کیلئے امریکا سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، امریکا سے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف پاکستانی فورسز کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر نے انکشاف کیا کہ امریکا نے پاکستان کو جدید اسلحہ اور کمیونیکیشن فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے مشکل امتحان میں بھی امریکا نے پاکستان کی مدد کی، امریکا نے پاکستان کی حالیہ معاشی بحران میں بے انتہا مدد کی، امریکا نے نہ صرف سیلاب متاثرین کی مدد کی بلکہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، جاپان و دیگر ممالک کو پاکستان کی مدد پر آمادہ کیا۔ مسعود خان کے مطابق امریکا نے کبھی پاکستان کو سی پیک چھوڑنے کا نہیں کہا۔ امریکا نے پاک چین تعلقات پر کبھی کوئی اعتراض نہیں کیا، سی پیک اُس وقت شروع ہوا جب دوسرے ممالک اس پر آمادہ نہیں تھے۔

مزیدخبریں