لاہور (نامہ نگار) بادامی باغ کے علاقے میں جشن آزادی کے موقع پر نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی لگنے سے 6سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ہے۔ پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جبکہ سی سی پی او لاہور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سنت سنگر کا رہائشی ذیشان اپنی 6سالہ بیٹی حمدہ کو پیر اور منگل کی درمیانی شب جشن آزادی کی آتش بازی اور لائٹنگ دکھانے کے لئے موٹر سائیکل پر آزادی چوک گیا تھا، جہاں سے واپسی پر نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی بچی حمدہ کے سینے میں آلگی اور وہ لہولہان ہو گئی۔ حمدہ کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، مگر اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ہے۔