توہین الیکشن کمشن کیس، فواد چوہدری کا نیا معافی نامہ جمع، سماعت 24 اگست تک ملتوی

Aug 16, 2023

اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا،چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی سماعت 24اگست تک ملتوی کر دی ۔تفصیلات کے مطابق منگل کوفواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔دوران سماعت فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ آپ نے آرڈر میں کہا کہ معافی نامے میں میری لینگویج درست نہیں تھی،میں اپنی لینگویج درست کرکے معافی نامہ دوبارہ جمع کرا رہا ہوں۔سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔چیف الیکشن کمشنر نے سماعت 24اگست تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر آرڈر کرتے ہیں۔دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر دوبارہ غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا ہے، دیکھیں الیکشن کمیشن کیا فیصلہ کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں عام انتخابات تو ابھی ہوتے نظر نہیں آرہے،حلقہ بندیوں کی باتیں چل رہی ہیں،اگر حلقہ بندیاں ہوتی ہیں تو اس کا مطلب ہے انتخابات وقت پر نہیں ہو رہے،پی پی پی اور ن لیگ نے جو آئین کا حال کیا ہے سب کے سامنے ہے۔

مزیدخبریں