لاہور(نامہ نگار+خبر نگار)نسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے پر پولیس فورس کو شاباش دی اور کارکردگی کو سراہا۔انہوںنے کہاکہ پولیس افسران و اہلکاروں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہو کر بہترین ڈیوٹی ادا کی،جشن آزادی کی خوشیاں منانے کیلئے شہریوں کو مکمل پرامن ماحول فراہم کیا۔ پولیس ٹیموں نے شدید رش میں امن و امان کی فضا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی، شاہراہوں، پارکوں، تفریحی مقامات پر فیملیز اور خواتین کو تحفظ فراہم کیا گیا۔سپیشل برانچ کے افسران و اہلکاروں، سی ٹی ڈی کارپورلز، ٹریفک پولیس و ڈولفن فورس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز نے بہترین فرائض ادا کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے یوم آزادی پر بہترین فرائض انجام دینے پر پولیس فورس کو شاباش دی ۔لاہور ہائیکورٹ آمد کے موقع پرکہاکہ لاہور پولیس شاباش کی مستحق ہے۔ لاہور میں سٹریٹ کرائمز میں کمی کی بڑی وجہ پولیس کی پٹرولنگ ہے، جرائم پیشہ افراد کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، جن علاقوں میں کرائم کی شرح زیادہ تھی وہاں خاص توجہ دے رہے ہیں۔
یوم آزادی پر فول پروف سکیورٹی پر پولیس فورس کو شاباش
Aug 16, 2024