لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کا عمل اختتامی مراحل پر پہنچ چکا ہے۔ صفائی کے پائلٹ پراجیکٹ میں ہر تحصیل کو ایک یونٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے اجلاس کی صدارت میںکہا کہ پنجاب بھر میں صفائی کا یکساں نظام رائج کرنا وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کی 8 ڈویژنوں میں صفائی کا کام جلد آئوٹ سورس ہو جائیگا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں صفائی کے نظام کی آئوٹ سورسنگ کے منصوبے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے صوبائی وزیر کو اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر بلدیات نے کہا پہلی بار دیہات کو صفائی کے اہداف میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ ایک نیا تجربہ ہے اس لئے تکنیکی پہلوئوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ آئوٹ سورسنگ سسٹم کا مطلب شہریوں کو صفائی کی اس تحریک میں براہ راست شامل کرنا ہے۔ صرف عوام کے تعاون کے ذریعے صفائی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔