پنجاب کے سرکاری سکولوں میں میل پروگرام کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا:وزیرتعلیم

Aug 16, 2024

لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا پنجاب کے سرکاری سکولوں میں میل پروگرام کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔ ابتدائی طور پر جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع سے میل پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور کے سرکاری سکولوں میں بچوں کو دودھ اور کھانا فراہم کیا جائے گا جس کے بعد اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ ہمارے کروائے گئے ایک سروے کے دوران مذکورہ تینوں اضلاع میں بچے ذہنی اور جسمانی لحاظ سے کمزور پائے گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ان اضلاع کے طلبہ کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انہیں دودھ اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔ سکول میل پروگرام سے تمام پبلک سکولوں کے طلبہ مستفید ہوں گے۔ میل پروگرام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس ضمن میں مختلف افراد اور کمپنیوں سے مشاورت جاری ہے۔ جلد اس پر حتمی فیصلہ کرتے ہوئے مستند کمپنی کے انتخاب اور اشتراک سے سکول میل پروگرام کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

مزیدخبریں