محمد سرور کی ملک بھر میں بڑے جلسوں، ریلیوں کے انعقاد پر ذمہ داران کو مبارک باد 

Aug 16, 2024

لاہور( نیوز رپورٹر)مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق کے چیئرمین چوہدری محمد سرور نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں بڑے جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کے کامیاب انعقاد پر کارکنان و ذمہ داران کو مبارک باد پیش کی اور کہا ان پروگراموں میں پاکستانی قوم کی بھرپور انداز میں شرکت وطن عزیز پاکستان سے بے پناہ اور لازوال محبت کا اظہار ہے۔ ایسے موقع پر جب ملک میں شدید مہنگائی اور دوسرے مسائل نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ یوم آزادی نے بلاشبہ سب کے چہروں پر خوشی کے رنگ بکھیر دئیے۔ چوہدری محمد سرور نے کارکنان و ذمہ داران کو شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء ترجمان تابش قیوم نے آن لائن کمائی کرنیوالے نوجوان فری لانسرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا انٹرنیٹ کی بندش سے آن لائن کمائی کرنیوالے لاکھوں نوجوان شدید متاثر ہیں۔ ملک کیلئے زرمبادلہ کمانے والے نوجوانوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل دہشتگردی اور ڈس انفارمیشن بجا طور پرپاکستان کیلئے خطرہ ہے لیکن ان کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی یہی نوجوان ڈیجیٹل محافظ کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بیرون ملک سے ہونیوالے پراپیگنڈا کا مقابلہ تب ہی ممکن ہوگا جب انٹرنیٹ چلے گا۔ اگر انٹرنیٹ نا کھولا گیا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو میںکہنا تھا پاکستانی فری لانسرز کے کلائنٹ ان سے بھاگ رہے ہیں کہ ان کے ملک میں انٹرنیٹ نہیں ہے۔

مزیدخبریں