مسلح افواج، قومی آزادی کی محافظ

مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں افواج کے سربراہان نے قوم کو یومِ آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم موقع مسلمانوں کے ایک علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیر کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔ مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ مسلح افواج ملکی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور اقدار کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ مسلح افواج قوم کی طرف سے ان پر کیے گئے اعتماد کو قائم رکھتی ہیں، ہم محنت سے حاصل کی گئی آزادی کو عزت اور وقار کے ساتھ محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کا وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہمہ وقت چاک و چوبند رہنا اور جانی قربانیوں سے بھی گریز نہ کرنا، وطن عزیز کی آزادی اور عزت و وقار کی ضمانت ہے۔ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ اندرون ملک دشمنوں سے بھی برسر پیکار ہے اور اس سلسلے میں وہ ایک بیرونی دشمنوں کا سامنا کر رہی ہے تو دوسری جانب اسے ایسے عناصر کی سرکوبی بھی کرنا پڑ رہی ہے جو ملک کے اندر رہتے ہوئے پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر اہم موقع پر افواج اور قوم نے ایک ساتھ مل کر ملک کے اندر اور باہر موجود دشمنوں کو یہ باور کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی کہ پاکستان کی حفاظت اور سلامتی کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ افواج اور قوم کے اسی ساتھ اور قربانیوں کے اسی لا زوال جذبے کی وجہ سے چار طرف سے ہونے والی ریشہ دوانیوں اور سازشوں کے باوجود پاکستان قائم و دائم ہے اور اس کا پرچم سر بلند ہے۔ افواج اور قوم کے مابین پھوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے ماضی میں بھی ذلیل و رسوا ہوئے تھے اور آئندہ بھی ناکامی و نامرادی ہی ان کا مقدر بنے گی۔

ای پیپر دی نیشن