اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست میں سیکرٹری دفاع کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے 2 لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی آئی جی آپریشنز پولیس پیش ہوئے۔ سیکرٹری دفاع بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے استفسار کیا کہ آپ کیا کہیں گے؟ صرف رپورٹ پیش کریں گے؟ کیا سیکرٹری دفاع بھی عدالت میں موجود ہیں؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا سیکرٹری دفاع نہیں، جوائنٹ سیکرٹری ڈیفنس عدالت آئے ہیں، سیکرٹری دفاع 11 اگست سے ملک سے باہر ہیں، جوائنٹ سیکرٹری موجود ہیں، اس کیس میں دائرہ اختیار کا معاملہ بھی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے آپ فیڈریشن ہیں، آپ کے پاس اختیار ہے، آپ کے پاس سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ ہیں، یہ معاملہ انا نہ بنائیں۔ عدالت نے سیکرٹری دفاع کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے مجھے امید ہے یہ کیس آئندہ منگل تک یہ کیس ختم ہو جائے گا۔ عدالت نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب کہاں ہیں؟۔ اٹارنی جنرل کو کہیں اس مرتبہ اپنے ویک اینڈ کی قربانی دیں، میں اس پر تفصیلی آرڈر جاری کروں گا۔