فیض حمید کے معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں، ہمارا اثاثہ تھا جسے ضائع کر دیا: بانی پی ٹی آئی

Aug 16, 2024

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید ہمارا اثاثہ تھا جسے ضائع کر دیا گیا۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج فیض حمید سے تفتیش کر رہی ہے، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے مجھے اس سے کیا؟ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا احتساب کر رہے ہیں اچھی بات ہے لیکن پھر یہ سب کا احتساب کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی کی رپورٹس تھیں کہ موجودہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ہر وقت جنرل(ر) باجوہ کے پاس بیٹھے رہتے تھے، فیض حمید کے معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل(ر) باجوہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کہنے پر جنرل(ر) فیض کو ہٹایا تھا، جنرل(ر) فیض حمید کو ہٹانے پر میری جنرل(ر) باجوہ سے سخت تلخ کلامی ہوئی تھی، وزیر دفاع نے جنرل باجوہ کے ایکسٹینشن کی بات کر کے میرے مؤقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل نہ کر کے یہ آئین کی تیسری مرتبہ خلاف ورزی کریں گے، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینے اور آئین کی خلاف ورزی پر میں پارٹی کو ابھی سے تیار کر رہا ہوں۔

مزیدخبریں