لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی پنجاب اور لاہور کے صدور اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔ حماد اظہر نے صدر پی ٹی آئی پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے۔ میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی ہے۔ میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اور میں اڈیالہ جیل نہیں جا سکتا۔ ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو میری رائے شامل تھی اور نہ ہی رضا مندی۔ اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ ہوئی۔ بانی ٹی ٹی آئی تک محدود رسائی اور یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں۔ کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کہ لاہور کے صدر چودھری اصغر کو بدلا جائے۔ آج وہ کامیاب ہو گئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دیکر ہدایت حاصل کرلی۔ کچھ ریجنز میں ہمارے رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر چودھری اصغر گجر اور لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان نے بھی استعفی دیدیا۔ چودھری اصغر گجر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے جدوجہد میں ساتھ دینے پر کارکنوں کا مشکور ہوں۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے علی امتیاز وڑائچ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ اس بارے میں علی امتیاز وڑائچ نے کہا ہے کہ انشاء اللہ میں اپنے لیڈر اور اپنی جماعت کو مایوس نہیں کروں گا۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے حماد اظہر کے استعفے پر ردعمل میں کہا ہے کہ آپ کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جاتا۔ آپ نے پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کے لئے انتھک محنت کی۔
پی ٹی آئی: حماد اظہر پنجاب، اصغر گجر لاہور کی صدارت سے مستعفی
Aug 16, 2024