فلسطینی صدر کا غزہ پٹی جانے کا اعلان، مذاکرات جاری

Aug 16, 2024

 مقبوضہ بیت المقدس +  غزہ+ اشنگٹن  (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ)   فلیسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی قیادت سمیت غزہ جانے کا اعلان کر دیا،  دورہ ترکیہ کے دوران  پارلیمان کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں محمود عباس کا کہنا تھا کہ تمام فلسطینی قیادت کے ہمراہ غزہ پٹی جائونگا، اس کام کیلئے چاہے ہماری جان چلی جائے، انکا کہنا تھا کہ ہماری جانیں  غزہ کے بچوں  کی جانوں سے زیادہ قیمتی نہیں ۔ جبکہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کرگئی۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40,005 افراد شہید اور 92,401 زخمی ہوچکے ہیں۔مرنے والوں میں 16500 بچے اور گیارہ ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں جبکہ غزہ کے 2.3 ملین افراد میں سے تقریباً 85 فیصد بے گھر ہوچکے ہیں۔  ادھرمقبوضہ مغربی کنارے کے کیمپ میں پناہ گزینوں پر اسرائیلی ڈرون حملے میں آج دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ  توباس گورنری میں اسرائیلی فورسز کے حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے۔

 علاوہ ازیں قطر میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کے ایک اور دور کا آغاز ہوگیا۔  دوحا میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں امریکی،مصری، قطری حکام کے ساتھ اسرائیلی وفد بھی شریک ہے جبکہ حماس نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔حماس کے مطابق آج کے مذاکرات میں کوئی سنجیدہ بات ہوئی تو پھر ثالثوں سے ملاقات کریں گے۔ترجمان امریکی قومی سلامتی مشیر جان کربی کا کہنا ہے کہ دوحا میں امید افزا بات چیت شروع ہوگئی ہے لیکن فوری طور پر معاہدہ ہونے کی توقع نہیں ہے، بات چیت کل بھی جاری رہ سکتی ہے۔  مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں دو فلسطینی  نوجوان  شہید ہو گئے ،فلسطینی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ نابلس کے پناہ گزین کیمپ بلاطہ میں 18اور 20سال کی عمر کے دو  نوجوان شہید اور سات افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل تھے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور کلیدی ثالثوں ، مصر اور قطر کی جانب سے اسرائیل اور حماس کو جنگ بندی کے کسی معاہدے کی جانب لانے کی کوششوں میں اضافے کے باوجود غزہ میں امن کا ہدف دن بدن دشوار ترہوتادکھائی دے رہا ہے ۔جوبائیڈن نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ اگر اگلے چند دنوں میں کوئی معاہدہ طے پا گیا تو ایران اپنا حملہ روک دے گا۔ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحد پار فائرنگ شدت اختیار کر رہی ہے ۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگ سے تباہ حال اور محصور فلسطینی علاقے غزہ پولیو وائرس کے پھیلائو کا شدید خطرہ ہے۔ غزہ میں پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے فوری طور پر کم از کم دو انسداد پولیو مہموں کی ضرورت ہے جس کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسرائیل کے خلاف طلبہ کا احتجاج روکنے والی کولمبیا یونیورسٹی کی صدر مینوشے شفیق نے اپنے عہدے سے استعفی  دے دیا۔

مزیدخبریں