وزیرآباد+ چک امرو (نامہ نگاران) فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے دریائے چناب میں ڈھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ، خانکی بیراج اور ہیڈ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں 2 سے اڑھائی لاکھ پانی کا ریلا گزرنے کا الرٹ جاری کر دیا۔ آخری اطلاعات تک دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 178750 کیوسک اور پانی کا اخراج 160950 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ خانکی بیراج کے مقام پر 88348 کیوسک اور اخراج 80234 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ ہیڈ قادر آباد میں پانی کی آمد 73894 اور اخراج 55894 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجہ کا سیلاب ہے۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب کے ملحقہ بیلا کے دیہی علاقہ جات کے مکینوں خصوصاً مویشی پال افراد کو اپنے ڈیرہ جات سے مال مویشی کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کی تنبیہہ کی گئی ہے۔دریں اثنا چک امرو اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نالہ بئیں میں نچلے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ جبکہ سکمال کاز وے زیر آب آنے سے سرحدی دیہات سکمال، چک ناہرا بھوپال پور اور ارد گرد کے دیہات کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ھو گیا۔ شہریوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے، شہر کے نشیبی علاقوں محلہ غوثیہ، چوک درمان روڈ، مرکزی قبرستان اور اخلاص پور روڈ، نورکوٹ روڈ و قرب جوار میں کی فٹ تک پانی کھڑا ھو گیا۔ جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ھاسٹل گرائونڈ، ٹیلی فون ایکسچینج شکرگڑھ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، متعدد نجی ہسپتالوں، ہوٹلز اور سینکڑوں دکانوں میں پانی داخل ھو گیا۔ شہریوں نے وزیر اعلی کے واضح احکامات کے باوجود شکر گڑھ میں نکاسی آب کا نظام درست نہ کرنے پر انتظامیہ کے خلاف ایکشن کی اپیل کی ہے۔
ہیڈمرالہ پر درمیانے درجے کا سیلاب، ڈھائی لاکھ کیوسک ریلا گزرنے کا الرٹ، نالہ بئیں بپھر گیا
Aug 16, 2024