لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں بہتری پر متعلقہ سیکشنز کو شاباش دی۔ نئے ڈی جی پی آر پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ڈیجیٹل میڈیا کو جدید تقاضوں کے مطابق متحرک کرنے کی ہدایت دی۔ صفائی کا معیار بہتر کرنے اور انتظامی معاملات میں بہتری پر متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی ۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے ایکشن کے بعد ایک ہفتے میں ڈی جی پی آر کے 72 ملازمین کو نوٹسز جاری، ملازمین کو دفتر دیر سے آنے پر نوٹسز جاری کیے گئے۔ تمام غیر حاضر ملازمین سے تین روز میں وضاحت طلب کر لی گئی۔ عظمیٰ بخاری نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سیکشنز کو میڈیا ہاؤسزکو بروقت حکومتی پروگراموں کی خبریں ارسال کرنے پر بھی شاباش دی اور مانیٹرنگ کے شعبے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ڈی جی پی آر پنجاب حکومت کی بروقت اور درست معلومات عوام تک پہنچانے کا واحد ذریعہ ہے۔ اس کا ہر شعبہ جدید تقاضوں کے مطابق کام کرنا چاہیے۔کسی صورت اپنے متعلقہ ادارے میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کروں گی۔ جو ملازمین وقت پر دفتر نہیں آ سکتے وہ گھر بیٹھیں۔ مجھے ڈی جی پی آر میں ملازمین کی سو فیصد حاضری چاہیے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
ڈی جی پی آر ڈیجیٹل میڈیا کو جدید تقاضوں کے مطابق متحرک کریں: عظمیٰ بخاری
Aug 16, 2024