راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف کیلئے سہولت کاری پر سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا جس سے بانی تحریک انصاف کے لیے اڈیالہ جیل میں سہولتیں بہم پہنچانے والوں کی نشان دہی کر لی گئی۔ سکیورٹی اداروں نے تحقیقات اور شواہد کی روشنی میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کا جیل میں پھیلا نیٹ ورک پکڑ لیا جس کے بعد جیل کے مزید 2 افسران سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی دیگر 2 افسران میں اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ ناظم اور سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر شامل ہیں دونوں افسران سابق ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کے قریب رہائش پذیر تھے اڈیالہ جیل سے ہٹائے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم سے حاصل معلومات کی بنیاد پر مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی جائے گی محمد اکرم کے 2 اردلی، 3وارڈر اور ہیڈ وارڈر سے پوچھ گچھ کی جائے گی جیل میں مذکورہ تمام ملازمین محمد اکرم کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی مثبت پیشرفت ہوئی ہے تین یورپی ممالک کے نمبروں پر بنائے گئے واٹس ایپ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون کے شواہد بھی تفتیش میں مل چکے ہیں اڈیالہ جیل سے ہٹائے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور ایک سابق صوبائی وزیر پنجاب کے قریب سمجھے جاتے ہیں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 15 سال سے زائد عرصہ اڈیالہ جیل تعینات رہے نیٹ ورک سامنے آنے پر بانی پی ٹی آئی کو خلاف ضابطہ فراہم سہولیات، پیغام رسانی کے معاملات پر جیل انتظامیہ کی میٹنگ بھی طلب کی گئی ہے ۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کیلئے سہولت کاری کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا
Aug 16, 2024