کفایت شعاری مہم ،قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی 220غیرضروری آسامیاں ختم

اسلام آباد(خبرنگار)کفایت شعاری کی قومی مہم کے تحت بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی گریڈایک سے 19تک کی 220غیرضروری آسامیاں ختم کردی گئیں جس سے قومی خزانے کو 56کروڑ30لاکھ روپے سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک ارب روپے سالانہ قومی بچت کا ہدف مقرر کردیا ہے قومی اسمبلی کے اخراجات میں بڑی کمی لانے کے تین مراحل میں سے دو مکمل کرلئے گئے پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی کی مختلف گریڈز کی 90غیرضروری آسامیاں ختم کی گئیں جن سے 25کروڑ 52لاکھ 64ہزار روپے سالانہ کی بچت ہوگی دوسرے مرحلے میں گریڈ ایک سے 19تک کی 130غیرضروری آسامیاں ختم کرنے سے 30کروڑ 75لاکھ روپے سے زائد سالانہ کی بچت ہوگی جس سے مجموعی طورپر 56کروڑ27لاکھ 66ہزار روپے سے زیادہ کی سالانہ بچت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے کے اقدمات سے مزید 40کروڑ روپے سالانہ کی بچت ہوگی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر کئے جانے والے ان اقدامات کا مقصد مجموعی طورپر ایک ارب روپے سالانہ کی بچت کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں کفایت شعاری پلان پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کی منظوری دی گئی جس کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ضروریات کے مطابق آسامیوں کے تعین، خاتمے ، تعیناتیوں اور ترقیوں کے طریقہ کار میں بہتری اور شفافیت لائی گئی ہے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق فنانس کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں مزید بھرتی کا عمل ختم کردیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ ایمپلائز ایکٹ 2018 کے جائزے اور اسے سول سرونٹس ایکٹ1973 کے تحت وضع کردہ رولز سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جواس ضمن میں مناسب ترامیم تجویز کرے گی ۔ ان ترامیم کا مقصد قومی اسمبلی کی ضروریات کے مطابق عملے کی تعداد کا تعین کرنا اور ترقیوں اور تعیناتیوں کا نظام بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ ایسٹاکوڈ کے تقاضوں کے مطابق کنٹریکٹ منسوخی کی شقوں میں مناسب ترمیم کے نتیجے میں قومی وسائل کی بچت میں مدد ملی ہے اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے تمام متعلقہ شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل  ٹکٹنگ اور لاجنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس سے امور کار انجام دینے میں شفافیت آئے گی۔ اس سے نہ صرف افسران اور عملے کے امور کار کا واضح تعین ہوگا بلکہ ان کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی اور مجموعی طورپر وسائل کی بھی بچت ہوگی۔ اجلاس نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاغذ کے استعمال کا سلسلہ ختم کیا جائے اجلاس کو بتایاگیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم نے اس ضمن میں کام شروع کردیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کے اضافی بلاکس کی بروقت تعمیر کے لئے وقت کے تعین کے ساتھ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی سپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہائوس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا انقلابی اقدام اٹھایا تھا جس سے کروڑوں روپے سالانہ کی بچت ہوئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن