لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت چار اہم سیکٹرز پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے شرکت کی۔ ائیر کوالٹی، سکول ایجوکیشن، پاپولیشن اور صحت سے متعلق امور پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ لاہور میں سموگ کے خاتمے کیلئے موثر اور قابل عمل روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ سیف سٹی کیمرں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی بائیکس کی نشاندہی کر کے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر الیکٹرک بائیکس، وہیکلز اور بسیں متعارف کرا رہے ہیں۔ عوامی شعور و آگاہی کے بغیر ماحول اور آلودگی کے خلاف اقدامات غیرموثر ہیں۔ ماحول کے تحفظ کے لئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں گے۔ بائیکس کی وجہ سے پیدا ہونے والی آلودگی پر کنٹرول کے لئے بنگلہ دیش اور چین کو ماڈل اپنایا جا سکتا ہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد ہو گا۔ محکموں کے مابین کوآرڈینیشن بہترکرنے کے لئے ایپ لانچ کی جائے گی۔ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے جاری شجرکاری مہم بہت اہم کردار ادا کرے گی۔ ائیر کوالٹی انڈکس ہر شخص کی صحت کو متاثر کر رہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ جامع اور موثر حکمت عملی کے فقدان سے گورننس کا نظام مشکل ہو رہا ہے۔ 7 دہائیوں سے کام کرنے والے ادارے اب تک سٹریٹجی کیوں نہیں بنا سکے؟۔ تعلیم تک رسائی،کوالٹی اور تعلیمی نظام کی گورننس کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ محکمہ تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات لازم ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ پاپولیشن مینجمنٹ کے لئے قومی بیانیہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ اجتماعی کوششیں کرنی ہونگی۔ پاپولیشن ویلفیئر کی آگاہی مہمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔