افغان مہاجرین کو  واپس بھجوانے کا   دوسرا مرحلہ  جلد شروع کریں گے: محسن نقوی 

اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمیش فالکنر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ملاقات میں خطے میں پائیدار امن و استحکام اور دہشتگردی سے نمٹنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں وزراء نے امن و استحکام کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کو ان کے ملک افغانستان واپس بھجوانے کے لئے جلد دوسرا مرحلہ شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی عالمگیر مسئلہ ہے اور کئی ممالک کو مختلف شکلوں میں اس چیلنج کا سامنا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے برطانوی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔ برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا اہم ملک ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور برطانوی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن