اسلام آباد(خبرنگار) اکادمی ادبیاتِ پاکستان میں جشنِ آزادیِ پاکستان کے پرمسرت موقعے پر 14 اگست کو علی الصبح پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں ملک بھر سے سیکڑوں نوجوان طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ یوں اکادمی ادبیات کے سہ روزہ نسلِ نو میلے کا آغاز پورے تزک و احتشام سے ہو گیا۔ صدرنشیں اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر نجیبہ عارف نے ملک بھر سے آنے والے نوجوان شرکا اور دیگر اہلِ قلم کو تقریب میں خوش آمدید کہا۔ پرچم کشائی صدرنشیں اکادمی ادبیات نے کی جس میں نوجوان طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ کہنہ مشق قلم کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مہمانانِ خصوصی محترمہ کشور ناہید اور افتخار عارف نے بھی پرچم کشائی میں شرکت کی۔ اس کے بعد پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مہمان اہلِ قلم میں محمد حمید شاہد، فرخ یار، سعید اختر ملک، سید ابرار حسین، خاور احمد، خالد اقبال یاسر، محبوب ظفر، رحمان حفیظ، محترمہ نیلوفر اقبال، محترمہ ثروت محی الدین، محترمہ فریدہ حفیظ، محترمہ فاطمہ نعیم علوی، محترمہ فرحین چوہدری، خوشحال ناظر، کاشف ارشاد، ڈاکٹر عابد سیال، محترم اقبال افکار، محترمہ سارا خان اور دیگر شامل تھے۔
اکادمی ادبیاتِ پاکستان میں جشنِ آزادی کے موقع پرپرچم کشائی
Aug 16, 2024