آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے،غلام علی خان

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی سیکرٹریٹ میں 77ویں یوم آزادی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی،کیک کاٹا گیا، پرچم کشائی کی گئی،تلاوت،نعت قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا گیا،فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ مظلوم فلسطینی مسمانوں پر مظالم بند کرائے جائیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عوامی تحریک غلام علی خان، جنرل سیکرٹری محمد ندیم راجہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں،انہوں نے اس عہد کا اظہار کیاکہ اپنے ملک میں مصطفوی معاشرے کے قیام اور حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ آزادی اللہ کی بیش قدر نعمت ہے۔ ملک و قوم کی آزادی اور خودمختاری ذات،  جماعت سے بالاتر ہوتی ہے۔ پاکستان شہدا کی امانت ہے۔14اگست کا دن ہماری تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔تقریب میں موجود رہنماؤں نے مادر وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  کے تصور کے مطابق ایک اسلامی، فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید کی۔تقریب میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن،منہاج القران علماء  کونسل، منہاج یوتھ لیگ کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ضلعی ناظم شعیب اعوان، چیرمین پاسبان وطن فاونڈیشن چوہدری خورشید انور، سماجی رہنما سہیل اقبال،، صدر منہاج یوتھ لیگ راجہ عامر، جنرل سیکرٹری شان اعوان،رہنما منہاج یوتھ لیگ وسیم خٹک،صدر ایم ایس ایم راجہ ابراہیم پوری ٹیم کے ہمراہ، ضلعی سینئر نائب صدر سعید راجہ،آرگنائزر سردار نسیم انجم،نائب صدور امتیاز کیانی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری امجد عباسی،سیکرٹری مالیات راجہ خالد،سلیم اعوان،بزرگ رہنمامرزا شعیب،یوتھ ونگ کے کامران متین،حاجی ظہیرالزماں، ناصر اعوان،راجہ آصف، و دیگر رہنماء کارکنان نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن