اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزارت تعلیم کے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری سیدجنید اخلاق نے کہاہے کہ تعلیم کیساتھ کھیل بچوں کی بہترین نشوونما کیساتھ انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کرتے ہیں، کھیلوں سے بچوں کی خوداعتمادی اور قوت فیصلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن، ایچ نائن اسلام آباد میں یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ''یوم آزادی گرلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2024ء'' کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں کالج کی طالبہ فاطمہ نے گولڈ، رابعہ نے سلور جبکہ شیزا ناصر اور سویرا خان نے برونز میڈلز اپنے نام کیے۔ مہمان خصوصی سیدجنیداخلاق نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیعہ ڈوگر اور کالج کی ایلومنائی مسز منزہ تسنیم ہاشمی کے ہمراہ میڈلز، شیلڈیں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ کالج انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ جشن آزادی کا خصوصی کیک کاٹا اور پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ قبل ازیں کالج میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔
کھیلوں سے بچوں کی خوداعتمادی اور قوت فیصلہ میں اضافہ ہوتا،جنید اخلاق
Aug 16, 2024