اسلام آباد (خبرنگار)شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ درخت لگائیں وطن عزیز پاکستان کو سرسبز و شاداب بنائیں، موسمی تبدیلی کے باعث ماحولیاتی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ملک کو درپیش مسائل ومشکلات پر قابو پانے کے لیے شجرکاری بہت ضروری اور وقت کا تقاضا بھی ہے، وطن عزیز دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جنہیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید خطرات لاحق ہیں، پرفضا اور صحت مندانہ ماحول کے لیے درخت لگائے جائیں، یہ صدقہ جاریہ ہے، ہر شہری اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائے، یہ ہماری نسلوں کے لیے بھی مفید اور یادگار ہو گا، تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ اس اہم ترین مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، درخت لگانا باعث برکت و رحمت ہے، اسلام میں بھی درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں درخت لگانے کی بجائے کاٹے زیادہ جاتے ہیں جس کی ہمیں ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔