گوجرخان ( نامہ نگار) تحصیل گوجرخان کے باسی سرجن ڈاکٹرز کی خدمات سے محروم ہو گئے پہلے عرصہ دراز سے ریڈیالوجسٹ کی سیٹ خالی تھی جس پر تاحال تعیناتی ممکن نہ ہو سکی تھی رہتی کسر سرجن ڈاکٹرز کے بیک وقت تبادلوں نے نکال دی 7 لاکھ آبادی کی تحصیل گوجرخان کے واحد ٹی ایچ کیو ہسپتال میں سرجنز کی عدم دستیابی کی بنا پر شہری ذلیل و خوار ہونے لگے سرجن ڈاکٹرز سے چیک اپ کروانے والے رلنے لگے، اب پرائیویٹ ہسپتالوں کے سرجن کی موجیں لگیں گی اور سرکاری ہسپتال آنے والے یا تو مافیا کے ہاتھوں لٹیں گے یا پھر راولپنڈی ذلیل خوار ہوں گے ذرائع کے مطابق لیڈی سرجن ڈاکٹر کی شام کے وقت ڈیوٹی ہونے کے سبب صبح کی او پی ڈی میں شہریوں کو شدید دشواری کا سامناہے سی ایم پنجاب مریم نوازشریف سے عوامی سماجی حلقوں نے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ایک جانب وزیراعلیٰ مریم نوازشریف علاج معالجے کی خدمات شہریوں کو دہلیز پر دینے کا کہہ رہی ہیں جبکہ دوسری جانب ایک ہی دن میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان کو چار سرجن ڈاکٹرز کی خدمات سے محروم کر دیا گیا منتخب عوامی نمائندگان سمیت پنجاب ہیلتھ کئیر ریفارمز کے لیے بھی یہ لمحہ فکریہ ہے اور یہ تبادلے کئی سوالات کو بھی جنم دے رہے ہیں شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرجن ڈاکٹرز کی عدم دستیابی پر جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کا اندازہ نہ تو شعبہ ہیلتھ کو ہے اور نہ ہی منتخب نمائندگان کو ہے ان خالی سیٹوں پر جلد از جلد تعیناتیاں ہوں گی یا پھر ریڈیالوجسٹ کی خالی سیٹ کی طرح سالوں انتظار کرنا پڑے گا۔