اسلام آباد(خبرنگار)اکادمی ادبیاتِ پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ’’نسل نو ادبی میلے‘‘کا آغاز ہوگیا ہے 14اگست،یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی ابتدائی تقریب صبح 9بجکر 30منٹ پر منعقد ہوئی ملک کے نامور شعرا افتخار عارف اور کشور ناہید نے اکادمی کے چمنستان میں قومی سبز ہلالی پرچم کو ہوا میں لہرایا۔اس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا۔پرچم کشائی تقٍریب کے آخر میں تمام اہل قلم نے ملک کی سلامتی ، ترقی اور استحکام کے لیے اجتماعی دعا کی۔ اکادمی کے ناظم اعلی سلطان ناصر نے تمام اہل قلم اور تین روزہ " نسل نو ادبی میلے میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا بعد ازاں تین روزہ’’نسل نو ادبی میلے‘‘کے تحت افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔کشور ناہید اور افتخارِ عارف مہمانانِ خصوصی تھے۔