اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سنٹرل میڈیا ڈویژن سے پروپیگنڈے کے ناقابل تردید شواہد سامنے آگئے.پی ٹی آئی کے رؤف حسن اور بین الاقوامی جریدے کے صحافی میں رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔22 جولائی 2024 کو ملنے والے شواہد نے پی ٹی آئی جماعت کے رہنماؤں کی غیرملکی شخصیات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے رابطوں کی قلعی کھول دی۔ذرائع کے مطابق سیاسی جماعت کے کارکنوں کے موبائل کے فرانزک کے دوران غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف ہوا ہے. غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے اور پاکستان مخالف سر گرمیوں کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کے رکن رؤف حسن اور بین الاقوامی جریدے انٹرسیپٹ کے صحافی رائن گرم کا رابطہ ہوا. ان کے درمیان واٹس ایپ کے ذریعے بات چیت ہوئی۔21 جنوری 2024 کو رؤف حسن نے رائن گرِم کو سیاسی جماعت کے ورچوئل کنونشن میں شرکت اور خطاب پر داد دی. جس کے بعد سے یہ رابطے مسلسل جاری رہے۔ 8 جون کو رائن گرِم نے رؤف حسن کو بانی پی ٹی آئی کے 15 مئی کو لکھے گئے مواد کی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تصدیق کرنا چاہی. جس کے جواب کے لئے رؤف حسن کی جانب سے رائن گرِم کے ساتھ بذریعہ واٹس ایپ کال پر رابطہ کیا گیا۔رائن گرِم گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف تاریخوں میں سیاسی جماعت کے حق میں متعدد آرٹیکلز لکھ چکا ہے. ان آرٹیکلز کا مقصد پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہے۔رائن گرِم کی جانب سے سائفر کو بنیاد بنا کر لکھے گئے ان آرٹیکلز میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔رؤف حسن کی جانب سے رائن گرِم کو پیغامات اور سیاسی جماعت کے 21 جنوری 2024 کے ورچوئل جلسے میں شرکت ریاست مخالف منظم پروپیگنڈا مہم کا واضح ثبوت ہیں، ملکی اور غیر ملکی بااثر شخصیات سے رابطوں کا مقصد پارٹی ایجنڈے کی تکمیل اور ریاست مخالف سرگرمیاں ہیں۔