حال ہی میں منی ہارٹ اٹیک پڑنے کا دعویٰ کرنے والی پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں ہارٹ اٹیک نہیں ہوا تھا۔
فوٹوز اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر طویل اور مختلف انسٹااسٹوریز شیئر کرتے ہوئے گلوکارہ نے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا اور ان کے لیے دعا کرنے والے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے اپنی انسٹااسٹوری میں لکھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ میرے اتنے چاہنے والے ہیں، اتنے لوگ میرے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ آپ سب کے لیے میرے دل میں عزت مزید بڑھ گئی ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ یہ میری اپنی غلطی تھی، یہ 2 سے 3 ہفتے کی بات ہے جب میں مسلسل سفر کر رہی تھی اور سفر کے باعث اپنی صحت کا خیال رکھنا مشکل ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے میں بیمار پڑ گئی تھی.
آئمہ بیگ نے بتایا کہ صحت کا خیال نہ رکھنے کے باعث میں اس قدر بیمار ہوگئی تھی کہ اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
انہوں نے اپنی صحت کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب انسان ہیں ہمیں سب سے پہلے اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہئے، کیونکہ صحت ہے تو جہاں ہے.گلوکارہ نے واضح کیا کہ انہیں منی ہارٹ اٹیک نہیں ہوا تھا بلکہ پانی کی مناسب مقدار نہ لینے اور کھانے پینے میں کوتاہی برتنے کے باعث ڈی ہائیڈریشن ہوگئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا بی پی 88 سے 200 تک ہائی ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے ہنگامی صورت میں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
اپنی انسٹااسٹوری کے اختتام پر انہوں نے تمام چاہنے والوں کی دعاؤں اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ سب اپنی صحت کا بہت خیال رکھیں