راولپنڈی: اولمپئن ارشد ندیم کو بے مثال کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی گئی.چیف آف آرمی اسٹاف نے ارشد ندیم کی پاکستان کے پہلے سنگلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے کی شاندار کامیابی کو سراہا۔
آرمی چیف ںے ان کے عزم، ثابت قدمی اور بہترین کارکردگی کا ثمر قرار دیا۔انہوں نے ارشد ندیم کی متاثر کن جدوجہد کا ذکر کیا جو انہوں نے معمولی آغاز سے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے کی۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر کے طور پر تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قابل فخر انداز میں سراہا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور تفریح کو صحت مند اور خوشحال معاشرے کے لازمی اجزاء کے طور پر اجاگر کیا۔اس موقع پر ارشد ندیم نے پاکستانی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے محنت، مثبت سوچ اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ تقریب میں 1984 اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹبال ٹیم، آرمی پولو ٹیم اور نابینا افراد کی خصوصی ٹیم نے بھی شرکت کی۔
علاوہ ازیں خواتین کی گول بال ٹیم، کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سیف اور ایشین گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
شرکاء میں نامور کھلاڑی جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق قریشی بھی موجود تھے جب کہ ارشد ندیم کے اہل خانہ ساتھیوں اور کوچز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی قوم کے لئےفخر ہے. ان کی کامیابی سے پوری قوم کو خوشیاں ملیں جب کہ پوری قوم نے ارشد ندیم کو اس کے کارنامے کے مطابق اعزاز دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے ارشد ندیم کے کارنامے کو قومی فخر کے طور پر تسلیم کیا. آرمی چیف نے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو بھرپور تعاون کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا جب کہ آرمی چیف نے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے پر زور دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں پر زور دیا جب کہ ارشدندیم نے چیلنجز پر قابو پانے، کامیابی کے لئے محنت اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔