راولپنڈی: پولیس نے 9 مئی کے مقدمات میں بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کیلیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کر لیا۔ابتدائی طور پر بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی گئی تھی تاہم انسداد دہشتگردی عدالت نے کہا کہ ملزمہ کو کمرہ عدالت میں پیش کیے بغیر جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔بشریٰ بی بی کو کل اڈیالہ جیل میں اے ٹی سی میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوگی۔
یاد رہے کہ سابق خاتون اوّل کو جولائی میں 9 مئی کے 11 کیسز میں ملزم نامزد کیا گیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملزمہ کے خلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہمی کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس نے اپنا جواب جمع کروا دیا تھا۔راولپنڈی پولیس کی جمع کروائی گئی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کی تھی۔ سابق خاتون اوّل کے خلاف راولپنڈی میں درج 11 مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھی۔
اس سے قبل سماعت میں نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کے روبرو کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں، تین کیس نیب راولپنڈی میں درج ہیں جبکہ ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے۔ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے جواب جمع نہیں کروایا تھا. جس پر ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔