محکمہ موسمیات نے مون سون کا نیا الرٹ جاری کر دیا۔ کراچی میں نئے مون سون سسٹم کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ کے مشرقی اضلاع پر اثرانداز ہو رہا ہے اور مون سون سسٹم آئندہ بتدریج کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع تک پھیلےگا۔کراچی میں کل سے 19اگست تک گرج چمک کیساتھ تیزبارش کا امکان ہے جب کہ دیہی سندھ بدین، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان اور دیگرعلاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں طوفان اور بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں آئندہ 24 تا 48 گھنٹوں کے دوران طوفان اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیزبارش اور طوفان کی پیشگوئی ہے بارش کے باعث شہروں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا دورانیہ عام طور پر جولائی سے ستمبر تک ہوتا ہے۔ یہ بارشیں ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شدت اور مدت کے ساتھ برستی ہیں۔ مون سون کی آمد سے ملک کے کئی علاقوں میں خشک سالی کے بعد زندگی میں ایک نئی بہار آ جاتی ہے۔ یہ بارشیں نہ صرف زرعی پیداوار کے لیے بلکہ پانی کے ذخائر کو بھرپور کرنے اور موسم کو خوشگوار بنانے کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔تاہم بعض اوقات یہ بارشیں اتنی شدید ہو جاتی ہیں کہ سیلاب کی صورت اختیار کر لیتی ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی پھیل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، غیر متوقع اور بے وقت بارشیں بھی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔