مون سون میں بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر

Aug 16, 2024 | 22:35

ویب ڈیسک

مون سون میں بارش کے ساتھ ساتھ بیماریاں پھیلانے والے جراثیم بھی آتے ہیں جس کی وجہ سے ڈینگی، ملیریا اور ٹائیفائیڈ جیسی بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔

لہٰذا، اس موسم میں اپنی صحت کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہیں۔

اس لیے یہاں مون سون کے دوران کسی بھی قسم کے انفیکشن سے بچنے کے لیے چند اہم احتیاطی تدابیر پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

1- قوت مدافعت بڑھائیں

کسی بھی انفیکشن کے خلاف دفاع کے لیے انسان کا مدافعتی نظام مضبوط ہونا چاہیے جوکہ مون سون کے دوران موسم کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے کمزور ہو سکتا ہے۔

اس لیے قوت مدافعت بڑھانے والی غذائیں جیسے پھل، لہسن، ادرک، ہلدی اور سبز پتوں والی سبزیاں اپنی خوراک میں شامل کریں۔

2- صفائی کا خیال رکھیں

گھر کی باقاعدگی سے صفائی کریں، باتھ روم اور کچن کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، فرش کی صفائی کرنے کے لیے جراثیم کش ادویات کا استعمال کریں۔

باقاعدگی سے ہاتھ دھوئیں، خاص طور پر کھانے سے پہلے اور بیت الخلا استعمال کرنے کے بعد، اپنے ناخن تراشیں، روزانہ نہائیں، اور صاف ستھرے کپڑے پہنیں۔

صابن اور پانی دستیاب نہ ہونے کی صورت میں ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔

اس طرح خود کو صاف ستھرا رکھنے سے جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے، فلو، سردی اور معدے کی بیماریوں جیسے انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

3 - صاف پانی پیئں

آلودہ پانی مون سون کے دوران انفیکشن کا ایک بڑا ذریعہ ہے جس سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور اسہال جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ اس لیے پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے سے ان پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔ 

پینے سے پہلے پانی کو ابالیں یا پھر قابل اعتماد واٹر پیوریفائر استعمال کریں۔ باہر نکلتے وقت اپنا پانی ساتھ لے کر جائیں۔

4 - اسٹریٹ فوڈ سے پرہیز کریں

اسٹریٹ فوڈ تیار کرتے ہوئے اکثر صفائی کا خاص خیال نہیں رکھا جاتا جو بیکٹیریا اور وائرس کی افزائش گاہ بن سکتا ہے اور اس کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ اور ہاضمے کے دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اس لیے تازہ اور صاف اجزاء کا استعمال کرتے ہوئے گھر پر خود کھانا تیار کریں اور اگر باہر کھانا ضروری ہے تو ایسی جگہوں کا انتخاب کریں جہاں صفائی کا خیال رکھا جاتا ہو۔

5 - مچھروں سے بچاؤ

مون سون کے دوران مچھر کی تعداد بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا جیسی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

اس لیے موسکیٹو ریپیلنٹس اور مچھر دانی کا استعمال کریں، کھڑکیوں اور دروازوں پر میش اسکرین لگائیں۔

اپنے گھر کے اردگرد پانی بالکل کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ یہ مچھروں کی افزائش کا باعث بنتا ہے

مزیدخبریں