افغان جنگ کا خاتمہ، ہالبروک کے آخری الفاظ پر امریکہ میں بحث چھڑگئی

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی) اوبامہ انتظامیہ کی طرف سے افغان پالیسی پر نظر ثانی سے پہلے آنجہانی رچرڈ ہالبروک کے آخری الفاظ نے ایک نئی بحث چھیڑ دی جو واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ہارٹ سرجری کے دوران مرنے سے پہلے ان کے منہ سے نکلے کہ افغان جنگ کو ختم کرنا ہوگا۔ افغان جنگ کے معترضےن نے ان کے آخری الفاظ کو اپنے معنی پہناتے ہوئے اسے افغان جنگ ختم کرنے کی واضح کال قرار دیا۔ جبکہ دوسروں نے اسے ایک مرنے والے شخص کی آخری خواہش قرار دیا رچرڈ ہالبروک بظاہر طالبان سے جنگ کے حامی رہے تھے۔رچرڈ ہالبروک کی موت کے بعد واشنگٹن پوسٹ نے ان کے خاندان کے ایک رکن کے حوالے سے خبر چھپا لی کہ افغانستان اور پاکستان کیلئے خصوصی نمائندے نے جمعہ کے روز آپریشن سے قبل ڈاکٹر سے کہا تھا کہ اس جنگ کو بند کرو لیکن اخبار کے مطابق گزشتہ روز منگل کو اس بیان کا مکمل متن سامنے آیا جس میں ایک معاون کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہسپتال میں نگہداشت پر مامور مصری ڈاکٹرال بیومی نے ہالبروک کو تکلیف میں دیکھ کر انہیں پُر سکون رہنے کی تلقین کی۔ہالبروک نے شدید تکلیف کے باوجود مذاقاً کہا۔افغانستان اور پاکستان کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پُر سکون رہنا ممکن نہیں۔ ڈاکٹر ال بیومی نے جو امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی بھی معالج ہیں،جواب میں کہا کہ اس کی فکر وہ کریں گے اس کے جواب میں ہالبروک نے جنگ ختم کرنے کا کہا۔

ای پیپر دی نیشن