مقتول ٹکٹ چیکر کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ کا چیک، بیٹے کو نوکری دینے کا اعلان

مقتول ٹکٹ چیکر کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ کا چیک، بیٹے کو نوکری دینے کا اعلان

لاہور+شیخوپورہ + جنڈیالہ شیر خان (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار خصوصی + نامہ نگار + ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ریلوے میں کرائم کی شرح اور بددیانتی کو کافی حد تک کم کیا ہے۔ ریلوے کی حالت درست کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ افسران کی تعیناتی صرف میرٹ کی بنیاد پر ہو رہی ہے اور کرپٹ افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنڈیالہ شیر خان میں گزشتہ روز دوران ڈیوٹی لاہور میں طالب علموں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے شبیر کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے افراد کے خاندان کی مالی معاونت کرنے اور اس کے بیٹے کو نوکری ہر صورت میں دے گی خواجہ سعد رفیق نے دس لاکھ روپے کا چیک لواحقین کے حوالے کیا اور اس کے بیٹے کو نوکری کا لیٹر دیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے سید وارث شاہ کے مزار پر حاضری دی اور ملکی ترقی کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پانچ میں سے دو ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ آن لائن کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے سرگودھا ایکسپریس کا نام بھی محمد شبیر ایکسپریس کے نام سے منسوب کردیا۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی بہتری اور اس کو منافع بخش بنانے کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر لانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے علاوہ لواحقین کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا کر ہی دم لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے کے ایس ٹی ای کو واضح کر دیا گیا ہے کہ کوئی بھی بغیر ٹکٹ یا بغیر ریلوے رعایتی پاس کے مسافر سفر کرتے ہوئے پکڑا جائے تو اس کو ٹرین کے نقطہ آغاز سے نقطہ اختتام تک جرمانہ وصول کیا جائے اور کسی قسم کا کوئی دباﺅ قبول نہ کیا جائے۔ آئی جی ریلویز سید ابن حسن، جنرل مینجر ریلویز انجم پرویز، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ہمایوں رشید، ایم این اے سردار محمد عرفان ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر راشد ارشاد حسین، ڈی ایس ریلوے میاں طارق لطیف ان کے ہمراہ تھے۔
سعد رفیق

ای پیپر دی نیشن