مریدکے، شرقپور شریف (نامہ نگاران) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہماری حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ سابقہ 2 حکومتوں کا گند ہمارے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔ بھارت سے تعلقات بہتر کرنا ملک و قوم کے فائدے میں ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہے۔ طالبان سے مذاکرات کا عمل معطل ہے ہم رابطوں میں مصروف ہیں۔ انشاءاللہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف وطن کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رانا فارم ہاﺅس مریدکے میں کھلی کچہری اور معززین کے ساتھ گفتگو اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر رانا افضال حسین، حاجی نواز مغل، ملک عارف مبشر، رانا عدنان، ماسٹر انور علی بھٹی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ آخر معاملات مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں ہماری حکومت ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتی ہے لیکن ہم وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہ ہیں۔ بلدیاتی انتخابات آزادانہ ہوں گے ۔ اپوزیشن محض ہار کے خوف سے شور مچا رہی ہے۔ ہمارے خلاف مہنگائی کا شور ڈال کر قوم کو بے وقوف بنانے والے عمران خان نے صوبہ خیبر پی کے میں عوام کو کیا ریلیف دیا ہے۔ دریں اثناءرانا تنویر حسین نے چوہدری محمد زبیر گھگ کی طرف سے دی گئی ایک دعوت اور بلدیاتی انتخابی مہم سے غازی پور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان میں چودہ سال سے بھڑکنے والی بدامنی اور بدعنوانی کی آگ بجھادیں گے ان کے پاس دوررس تبدیلی اور تعمیر وترقی کا روڈ میپ موجود ہے ورثہ میں ملی کمزور معیشت، بیروزگاری اور بدترین دہشت گردی نومنتخب حکومت کے لیے چیلنجز ہےں۔
رانا تنویر