لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ورلڈ کپ میں نویں پوزیشن آنے پر ٹیم مینجمنٹ سے فوری رپورٹ مانگ لی ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ قومی کھیل کے روشن مستقبل کے لیے جلد پروگرام کا اعلان کیا جائے گا جس میں گراس روٹ لیول پر ہاکی کے مقابلے اتنے زیادہ کر دیئے جائیں گے جس سے فیڈریشن کو ٹیم کے لیے نئے کھلاڑی دستیاب ہونا شروع ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو ناقص کارکردگی پر ذمہ داری قبول کرنا ہوگی پی ایچ ایف ان کی ناقص کارکردگی کی جوابدہ نہیں ہوگی۔ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف صدر اولمپیئن اختر رسول کے ساتھ جلد وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا جائے گا۔ نویں ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا جرمنی کے خلاف میچ میں دن اچھا نہیں تھا تاہم پاکستان ٹیم اس قابل تھی کہ وہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتی۔ ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ ملنے پر اصل صورتحال سامنے آئے گی جس کے لیے رپورٹ طلب کر لی ہے۔