اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں تعینات روسی سفیر مسٹر الیگزینڈر نے کہا ہے روس پاکستان کی شنگھائی تعاون کونسل کی ممبر شپ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس سے علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز کے زیراہتمام نیشنل لائبریری میں منعقدہ شنگھائی تعاون کونسل اور پاکستان کے کردار کے حوالے سے ایک قومی مذاکرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مذاکرہ میں شنگھائی تعاون کونسل ممبران کے سفرا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ ماہرین تعلیم، وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر سہیل ایچ نقوی نے اعلان کیا ہم خصوصی سکالر شپ سکیم کے تحت ہر سال ماسٹرز، ایم بی اے اور انڈر گریجوایٹ کی سطح پر وسطی ایشیائی ریاستوں اور سارک ممالک کے طلباء و طالبات کے لئے پندرہ سکالر شپس دینگے۔ انہوں نے کہا دسمبر کے آخر میں 900سے زائد طلباء و طالبات لمز میں ماڈل یو این کے ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ تاجکستان کے سفیر شیرعلی یووف نے کہا ممبر ممالک میں باہمی تعلقات بڑھانے کے لئے مضبوط اقتصادی، معاشی، سماجی اور اعلیٰ تعلیمی سیکٹر میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیئرمین انٹر یونیورسٹی کنسورشیم ڈاکٹر ناصر علی خان نے کہا پاکستانی جامعات شنگھائی تعاون کونسل کے ممبران کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنے کے لئے بھرپور تعاون کریں گی۔ تقریب کے آخر میں انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز اور انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغ سوشل سائنسز کے مابین باہمی روابط کو فروغ دینے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔