لاہور (خبرنگار) 16 دسمبر کے افسوسناک واقعہ نے پاکستانی قوم کو یکجا کردیا اور اس نے دہشت گردی کے خلاف فوج کے شانہ بشانہ وہ جنگ لڑی جس کی بدولت آج کا 16 دسمبر گزشتہ برس کے 16 دسمبر سے بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سینئر سابق افسران آئی ایس آئی پنجاب کے چیف، ڈی جی نیب پشاور، ڈی جی انٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن اور ایم آئی پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈئر (ر) محمد یوسف نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن نے کہا کہ پاک فوج کے عزم، قوم کی قربانیوں، چیف آف آرمی سٹاف کے مصمم ارادے اور قوم کا ساتھ دینے کا نتیجہ ہے کہ آج ضرب عضب میں مسلسل کامیابیاں نصیب ہو رہی ہیں اور پوری دنیا دہشت گردوں کے خلاف اس جنگ کو سراہا رہی ہے۔ ہمارے جس دشمن کی پشت پناہی کی وجہ سے پاکستان میں یہ دہشت گردی ہو رہی تھی اور جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے قوم اور فوج کی بہادری اور عزم کے آگے انہوں نے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اور وہی دشمن اب امن، دوستی کی باتیں کررہا ہے۔ قوم اور فوج نے ثابت کردیا ہے کہ بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ قوم نے اپنے معصوم نونہالوں کے خون کا بھرپور بدلہ لیا ہے۔ بریگیڈئر محمد یوسف نے کہا کہ 16 دسمبر کا واقعہ پاکستان میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے بیحد افسوسناک ہے جو افراد اس واقعہ میں ملوث تھے وہ …… کے بدترین درجے پرفائز تھے۔ ہمیں 16 دسمبر کے واقعہ کا مکمل تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس واقعہ میں ہمارے اندر کے لوگ کلمہ گو ملوث تھے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم تجزیہ کریں تاکہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے اور ان سے بچا جا سکے۔ صرف افسوس کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ اس وقت ضرورت ہے کہ ادارے، سیاست دان، حکمران سب ایک پیج پر ہوں۔