کراچی (اے این این) توہین عدالت کیس میں آئی جی سندھ پرفرد جرم عائد نہ ہو سکی، حلفیہ معافی نامہ عدالت میں جمع کرادیاگیا ٗ سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اور دیگر 14افسران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی سماعت جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل نئی بینچ میں ہوئی ۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی بھی عدالت میں موجود تھے۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس احمد علی شیخ نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل سندھ سے سوال کیا کہ آپ کیا تیار کر کے آئے ہیں۔ جس پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ میں مکمل تیاری کر کے آیا ہوں۔ جسٹس احمد علی شیخ نے سوال کیا کہ کیا آپ نے توہین عدالت کے مرتکب ہونے والے پولیس افسران کو الزامات کے متعلق آگاہ کردیا ہے جواب میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اس معاملے میں خود پیروی کرنا چاہتے ہیں اس لئے سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ عبدالفتاح ملک کی عدم موجودگی کی وجہ سے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ آئی جی سندھ نے گزشتہ روز نیا حلفیہ معافی نامہ جمع کرایا ہے۔