سندھ: رینجرز اختیارات کی مدت میں توسیع کیلئے وفاق کا ایگزیکٹو آرڈر پر غور

لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) وفاق کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے دستور کے آرٹیکلز 148 اور 149 کے تحت ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے تاکہ حکومت سندھ کی طرف سے رینجرز کے اختیار میں توسیع نہ کرنے کی صورت میں ان آرٹیکلز کے تابع نیشنل ایکشن پلان اور دیگر وفاقی قوانین کراچی میں نافذ کیا جائے جس سے رینجرز کو پہلے کی طرح اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔ مذکورہ آرٹیکلز کے تحت ایگزیکٹو آرڈر کے اجراء کی صورت میں اعلیٰ عدلیہ کے امن عامہ سے متعلق کیسز میں دیئے گئے فیصلوں سے بھی رہنمائی مل جائیگی۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو آرڈر کے اجراء پر سنجیدگی سے غور اسوقت شروع کیا گیا جب حکومتی حلقوں میں اکثریت نے صوبہ سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کی۔ قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 148، 149 کے تحت ایگزیکٹو آرڈر کا اجراء رینجرز کو بااختیار کرنے اور فیڈریشن کی اکائی کو مطمئن کرنے کیلئے بہتر آپشن ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے آئینی ماہرین مذکورہ آرٹیکلز کے تحت ایگزیکٹو آرڈر کے اجراء کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن