پیر پگاڑا کے پوتے راشد حسین راشدی 18 سال بعد حدود کیس میں بری

اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد پرویز القادر میمن نے پیر پگاڑا کے پوتے پیر راشد حسین راشدی کو 18 سال بعد حدود کیس میں بری کر دیا ہے۔ منگل کو سماعت شروع ہوئی تو پیر راشد حسین راشدی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ ملزم کے وکیل رانا جمشید خان نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف درج مقدمہ کی مدعیہ گزشتہ کئی سالوں سے سامنے نہیں آئی اور عدالت نے مدعیہ کے دفعہ 164 کے بیانات بھی ریکارڈ کئے ہیں، مدعیہ نے ان کے موکل کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔ پولیس مدعیہ پر ملزم کو نامزد کرنے کا دبائو ڈال رہی ہے جبکہ گواہان کے بیانات میں بھی تضاد پایا جاتا ہے۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد مدعیہ کے پیش نہ ہونے اور گواہان کے متضاد بیانات کی روشنی میں ملزم کو مقدمہ سے بری کر دیا۔ واضح رہے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے 1997ء میں لاہور کی رہائشی مہوش نامی لڑکی کی مدعیت میں حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن