اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت چھبیس دسمبر تک ملتوی کردی گئی ۔ طلال چودھری اور محمد علی ڈاہا نے وکیل تبدیل کرکے اکرم شیخ کو وکیل مقرر کرنےکی استدعا کی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت میں جہانگیر ترین کے وکیل نے اعتراض کیا کہ فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد وکیل تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ نعیم بخاری نے کہا کہ اسپیکر نے ریفرنس ارسال کیا، ریفرنس دائر کرنے والے ارکان غیر متعلقہ ہوگئے ،سپیکر اسمبلی خود ریفرنسز کا دفاع کریں۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دو اراکین نہیں، دونوں ریفرنسز سن کر ایک ساتھ فیصلہ دینا چاہتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ایک رکن کی آنکھ کا آپریشن ہے اور دوسرا رکن کوئٹہ میںمصروف ہے۔ نعیم بخاری نے کہا کہ اس عمر میں آنکھ میں موتیا اتر ہی آتا ہے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عمر میں تو آپ بھی اتنے چھوٹے نہیں ہیں۔بعد ازاں چیف جسٹس نے ریفرنسز کی سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔کپٹن صفدر کیس کی سماعت انیس دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین اپنے خلاف کیس میں تاخیر ی حربے استعمال کر رہے ہیں،دوسروں کو نااہل کرانے کی کوششیں کرنے والے خود نااہل ہیں،آج دربدر ہونے کے بعد انہیں اسمبلی کی ا ہمیت یا د آگئی ہے،ثبوتوں کا دعویٰ کرنے والے پانامہ لیکس سے بھاگ رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دوسروں کو نااہل کرانے کی کوششیں کرنے والے خود نااہل ہیں۔کل اسمبلی کو ڈی چوک بنانے کی کوشش کی گئی،اسمبلی کا احترام یاد رکھیں،قومی اسمبلی کا اکھاڑہ بنا کر کسی کو ذاتی مفادات کی جنگ نہیں لڑنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت اور عوام سے بھاگے اب اسمبلی سے بھاگیں گے، ہم نے وکیل تبدیل نہیں کیا وکلاءپینل میں ایک وکیل کا اضافہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں پانامہ پر بحث ہورہی ہے،سپیکر صاحب کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں بحث نہیں ہوسکتی،شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار اسپیکر نے ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجے، الیکشن نزدیک ہیں،عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہونے جارہا ہے۔وہ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ جب تک وزیراعظم نااہل نہیں ہوجاتا ہماری مہم جاری رہے گی،تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی،ایاز صادق سپیکر کے عہدے کیلئے اہل نہیں،(ن) لیگ 6سے زائد وکیل تبدیل کرچکی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہاکہ وزیراعظم کے خلاف فیصلے کے بعد کرپشن کا دروازہ بند ہوجائے گا،جھوٹ کا بوجھ اتنا زیادہ ہوگیا ہے کہ ان سے اٹھایا نہیں جارہا،سپریم کورٹ کا فیصلہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے وکیل تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔
عمران‘ جہانگیر ترین‘ کیپٹن صفدر کیخلاف نااہلی ریفرنسوں کی سماعت ملتوی
Dec 16, 2016