16دسمبرپاکستان ہی نہیں امت مسلمہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،جب اسلام کے نام پر قائم ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت دو لخت ہوئی اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش کی صورت میں عملاً بھارت کی ایک کالونی بن گیا۔ اس سانحے کے محرکات کے حوالے سے آج تک کئی کتابیں منظر عام پر آ چکی ہیں اور حمود الرحمن کمیشن رپورٹ بھی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔ یہ سانحہ اس وقت کے قائدین کی ہوس اقتدار اور بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے۔بظاہر 70ء کے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کے نتیجے میں یہ آویزش شروع ہوئی جو بعد میں خانہ جنگی اور پھر بھارت کے ساتھ حتمی جنگ میں تبدیل ہو گئی۔ قیامت تک آنے والی تاریخ اس سانحے کے تین فیصلہ کن کرداروں جنرل یحییٰ ، شیخ مجیب الرحمن اور ذوالفقار علی بھٹو کو کٹہرے میں کھڑا رکھے گی جہاں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی بے تدبیریوں اور بد اعمالیوں کی وجہ سے یہ سانحہ رونما ہواوہاں یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اگر بھارت عوامی لیگ اور مکتی باہنی کی مکمل پشتیبانی نہ کرتا تو یہ سانحہ کبھی رونما نہ ہوتا۔المیہ یہ ہے کہ یوں تو دو قومی نظریے کا تصور علامہ اقبال اور قائد اعظم نے پیش کیا لیکن اس کی حقیقی آبیاری ڈھاکہ میں ہوئی۔ مسلم لیگ کے قیام سے لے کر قرارداد پاکستان قائم ہونے تک بنگالی قائدین مسلم کاز کے ترجمان رہے۔پاکستان کے قیام کے بعد ملک کے دونوں حصوں کے درمیان ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ موجود تھا ، بری اور فضائی راستے بھارت کی دسترس میں تھے جہاں قیام پاکستان قائد اعظم کی قیادت میں بر صغیر کے مسلمانوں کی ایک عظیم فتح و کامیابی کا ذریعہ بنا،وہیں کانگریسی قیادت نے ایک دن کے لیے بھی اس فیصلے کو دل سے تسلیم نہ کیااور قیام پاکستان کے ساتھ ہی پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں شروع کر دیں جس کا آغاز ریاست جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کی صورت میں ہوا۔ جونا گڑھ اور حیدر آباد پر ہندوستانی فوج کشی ہوئی وہ اسی پالیسی کا حصہ تھی۔صوبہ سرحد اور سلہٹ کے سو فیصد مسلم اکثریتی خطے بھی ہتھیانے کی کوشش کی گئی لیکن یہاں کے باغیرت مسلمانوں نے ریفرنڈم کے ذریعے پاکستان سے الحاق کرتے ہوئے بھارتی عزائم کو شکست سے دو چار کیا۔ اس کے بعد مشرقی پاکستان خاص طور پر ہدف بنایاگیا اور وہاں مسلم قومیت کے تصور کو تحلیل کرتے ہوئے بنگلہ قومیت کے عفریت کو تقویت پہنچائی گئی اور اس کے لیے ایک طویل المیعاد حکمت عملی طے کی گئی۔ وہاں بڑے پیمانے پر ہندو اساتذہ کے نفوذ کا اہتمام کیاگیا جنہوں نے ڈھاکہ یونیورسٹی سمیت باقی دانش گاہوں اور تعلیمی اداروں کو اپنا مورچہ بنایا۔
بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد زمام کار عملاً سول اور ملٹری سیکولر بیورو کریسی کے ہاتھ میں منتقل ہو گئی ، جنہوں نے حتی المقدور کوشش کی کہ نظریہ پاکستان کمزور ہواور اسلام بیزار کلچر کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔ دینی رشتے کی کمزوری کے ساتھ ساتھ اس بیورو کریسی کے متکبرانہ انداز حکمرانی نے مشرقی پاکستان کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا کیا۔ اضطراب اور بے چینی سے بھارت نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنے زرخرید ایجنٹوں کی ایک فوج تیار کی۔شیخ مجیب الرحمن کی قیادت میں مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے کا ایک طویل المیعاد منصوبہ تیار کیا گیا۔ اگرتلہ سازش کیس کے حوالے سے اب جوتحقیقاتی کتب سامنے آئی ہیں ، اس میں بر ملا اس بات کا اعتراف کیاگیا ہے کہ وہ افسانہ نہیں تھا ،بلکہ ایک حقیقت تھی کہ شیخ مجیب الرحمن نے بھارت سے مل کر مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے کا ایک منصوبہ تیار کیا تھا۔چنانچہ جہاں 1947ء میں مسلم قومیت کی لہر نے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی ، وہاں پاکستان سے نظریاتی بے وفائی کے نتیجے میں بنگلہ قومیت کی صورت میں ایک لہر اٹھی ، جس پر سوار ہوتے ہوئے شیخ مجیب الرحمن نے مشرقی پاکستان کے انتخابات میں کلین سویپ کیااور اپنے چھ نکات کی روشنی میں اس مینڈیٹ کو مشرقی پاکستان کے عوام کا فیصلہ قرار دیا۔پاکستانی حکمرانوں کی نا اہلی کے نتیجے میں ہندوستان پاکستان کو دو لخت کرنے میں کامیاب ہوگیا اور سقوط ڈھاکہ کا عظیم سانحہ رونما ہوا۔اس جنگ میں پاکستانی افواج کے ساتھ ساتھ محب وطن پاکستانیوں نے بھی پاکستان کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے آخری کوشش کی اور بے پناہ قربانیاں دیں۔خاص طور پر جماعت اسلامی ، مسلم لیگ ، نظام اسلام پارٹی ، جمہوری پارٹی کے سربرآوردہ قائدین جناب نور الامین ، جناب پروفیسر غلام اعظم ، جناب فضل القادر چوہدری ، جناب مولانا فرید احمد ، جناب عبدالصبور خان اوران جماعتوں کے کارکنان نے دفاع وطن کی آخری جنگ لڑی۔ نظریاتی محاذ پر عوامی لیگ کے بنگلہ نیشنلزم کا بھرپور مقابلہ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ نے کیااور پاکستان کی سلامتی کے لیے ہزاروں کی تعداد میں اپنے رضا کار نوجوان پیش کیے جن میں سے بڑی تعداد میں شہید ہو ئے لیکن مقام افسوس ہے کہ جب پاکستان کی عسکری قیادت نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا تو ان محسنوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔مکتی باہنی کے غنڈوں نے بھارتی فوج کی سرپرستی میں سقوط ڈھاکہ کے بعد ان محب وطن نوجوانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا۔
مشرقی پاکستان کے سانحے میں بلا شبہ سیاسی قائدین کی نااہلی اور غداری کا بھی بڑا عمل دخل ہے لیکن یہ سانحہ چونکہ جنرل یحییٰ کے فوجی اقتدار کے دو رمیں رونما ہوا ،اس لیے یہ پاکستانی فوج کے لیے ایک تاریخی بوجھ ہے ، جس سے سبکدوشی کی واحد صورت یہ ہے کہ کشمیر بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد ہو۔ اہل کشمیر کو پاکستان کی نئی عسکری قیادت سے توقع ہے کہ وہ بھارت سے حساب برابر کرنے کے لیے کشمیر کے مسئلے میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی حکمت عملی وضع کریں گے اور ڈھاکہ سے لے کر سری نگر تک کشمیر کے لیے قربانیاں دینے والوں کو نظر انداز نہیں کریں۔